Live Updates

قبضہ مافیا کی بنائی سوسائٹیز نے لوگوں کو سیلاب کی نذر کر دیا ‘ چوہدری برجیس طاہر

پیر 1 ستمبر 2025 17:05

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ہم اس وقت کڑے امتحان سے گزر رہے ہیں سیلابی صورتحال نہایت تشویشناک ہے مگر ملک میں کچھ قبضہ مافیا کے کی وجہ سے بھی لاہور جیسے بڑے شہر میں لوگوں کے گھر ، اثاثہ جات اور ساز و سامان سیلاب کی نذر ہو گیا ،قبضہ مافیا کی بنائی ہوئی سوسائٹیز نے لوگوں کو سیلاب کی نذر کر دیا اور سینکڑوں گھرانے بے گھر ہو گئے جو کہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔

اپنے ڈیرے پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ ملک میں جہاں جہاں سیلابی خطرہ ہے اور جہاں جہاں سیلاب سے لوگ متاثر ہوئے ہیں بحیثیت پاکستانی ہمیں چاہئے کہ ہم سب مل کر ان متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں اور ضلع ننکانہ صاحب کے گردونواح میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی میرے حلقہ کے عوام دل کھول کر مدد کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کالاباغ ڈیم کی بجائے پورے ملک میں چھوٹے چھوٹے ڈیم بننے چاہئیں جس سے موجودہ سیلابی صورتحال جیسے خطرات سے بچا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے اس صورتحال کے پیش نظر بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایسی آفات کے بعد مہنگائی بھی بڑھا دی جاتی ہے لہٰذا انتظامیہ کو اس امر پہ خصوصی توجہ دیتے ہوئے مہنگائی پہ کنٹرول کرنا ہوگا تاکہ ملک میں کسی قسم کی مصنوعی قلت پیدا نہ ہو سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات