آئی سی سی آئی کا خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے عزم کا اعادہ

پیر 1 ستمبر 2025 18:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔اس عزم کا اظہار آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری کے ہمراہ پیر کو چیمبر ہاؤس میں خواتین تاجروں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کا تجارت سے وابستہ ہوناملک کی ترقی کے لئےاہم ہے ، انہوں نے ریمارکس دیئے کہ "کاروبار اور اختراع کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا نہ صرف ایک سماجی ضرورت ہے بلکہ ایک معاشی ضرورت بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی آئی نے خطے کی کئی سرکردہ یونیورسٹیوں کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کی ہے، مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کئے ہیں جن کا مقصد خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کی حمایت کرنا ہے۔

صدر ناصر منصور قریشی نے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل نوجوانوں کی ملازمت کو بڑھانے کے لئے تعلیمی نصاب کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ آئی سی سی آئی نئے گریجویٹس کو متعلقہ مارکیٹ پر مبنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے عملی تربیتی سیشنز اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کا فعال طور پر انعقاد کر رہا ہے۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ادارہ جاتی تعاون کی پیشکش، پالیسیوں کو فعال کرنے کی وکالت ، نیٹ ورکنگ اور ترقی کے مواقع پیدا کرکے خواتین کاروباریوں اور نوجوان پیشہ ور افراد کے مقصد کو آگے بڑھاتا رہے گا۔خواتین تاجروں نے آئی سی سی آئی کے جامع اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے متحرک معاشی ماحول میں خواتین کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد کرنے کے لئے صنعت اور اکیڈمی کے مضبوط روابط، مالیات تک بہتر رسائی اور مسلسل صلاحیت کی ترقی پر زور دیا۔