Live Updates

سیاستدانوں اورحکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی سزا قوم 78 سالوں سے بھگت رہی ہے‘ علامہ عبد الرشید حجازی

پیر 1 ستمبر 2025 22:27

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبد الرشید حجازی نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی سزا قوم 78 سالوں سے بھگت رہی ہے۔ انہوں نے اپنے اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے آج تک ایک بھی ڈیم نہیں بننے دیا جسکی وجہ سے لاکھوں افراد سیلاب سے متاثر ہو کر در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

پنجاب اس وقت شدید قدرتی آفت سے نبرد آزما ہے جہاں دریائے ستلج، چناب اور راوی میں مسلسل بڑھتے ہوئے پانی کے بہاؤ نے ہزاروں دیہات و قصبات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایسے حالات میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان اور اسکے فلاحی ونگز الفلاح فاؤنڈیشن اور الاحسان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سینکڑوں کارکن سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی سربراہی میں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر سیلاب میں پھنسے لوگوں کو پانی سے نکالنے اور انہیں ضروریات زندگی کی اشیاء پہنچانے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

علامہ عبد الرشید حجازی نے کہا کہ ملک وقوم کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے آبی ذخائر ڈیمز کی تعمیر اشد ضروری ہے بھارتی آبی جارحیت کا رونا رونے کی بجائے ملک میں ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے دل خون کے آنسو روتا ہے۔ مگر ہم کیا کر سکتے ہیں۔ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں سے توبہ و تائب ہو کر ایک اچھے مسلمان اور انسان تو بن سکتے ہیں۔

علامہ عبد الرشید حجازی نے ملک بھر میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے تحصیلی وشہری اور ضلعی ذمہ داران کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا کہ وہ اپنی اپنی سطح پر سیلاب متاثرین کیلئے امدادی فنڈز اکھٹا کرے اور متاثرین تک پہنچانے کا معقول بندوبست کرنے کے لیے مرکز سے رابط کرے کیونکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث و اہلحدیث یوتھ فورس اور دیگر ذیلی تنظیمیں اسوقت سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں جو کہ ان کے لئے خوراک و ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء ان تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں متاثرین کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور کرتی رہے گی۔ قوم کو بھی مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب سے ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات