Live Updates

معروف صوفی بزرگ حضرت میاں میر ؒکا402 واں سالانہ عرس

سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے دیگر عمائدین و شخصیا ت کے ہمراہ افتتاح کیا

پیر 1 ستمبر 2025 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت میاں میرؒکی402 ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح رسم چادرپوشی سے کیا۔اس موقع پر ’’حضرت میاں میر ؒ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس‘‘کا خصوصی اہتمام کیا گیاجس سے پارلیمانی سیکرٹری اوقاف ملک محمد وحید، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری اور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سیّد عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوفیا کی خانقاہیں خدمت خلق کا سب سے بڑا ادارہ ہیں۔

موجودہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کیلئے خانقاہوں کے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے۔حکومت متاثرہ بستیوں کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے کیلئے پوری طرح مستعد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت میاں میر نے خطے میں باہمی رواداری کو فروغ دیا۔حضرت میاں میرامن کے علمبردار اور انسان دوستی کے امین تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امورخالد محمود سندھو،چیئر مین امور مذہبی کمیٹی صاحبزادہ محمد شہزاد سلطان، مولانا شکیل الرحمن ناصر،مفتی عمران حنفی،مفتی محمد شفیق، علامہ سجادحسین جوادی و دیگر مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت دین اسلام کی آفاقی قدروں پر پختہ ایمان رکھتی اور ایسے روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے جو پٴْر امن، بقائے باہمی،سماجی تحفظ،معاشرتی بہبود اور ایثار واخوت جیسے عنوانات سے مزّین ومنور ہو، جس کے لیے علم وآگہی کی شمع کو فروزاں کیا جانا از حد ضروری ہیتاکہ فکری اور نظریاتی سطح پر انتہا پسندی جیسے عناصر کی بیخ کنی ممکن ہوسکے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر،ایڈ منسٹریٹرز اوقاف ایاز محمود لاشاری، شیخ جمیل احمد، امور مذہبیہ کمیٹی کے ممبران محمد فاروق مظہر خان، محمد اسلم ترین، شیخ محمد سعید، منیجر اوقاف گوہر مصطفی اوررانا احسان الحق سمیت زائرین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی سعاد ت حاصل کی۔واضح رہے کہ دربار حضرت میاں میرکے عرس شریف کی تقریبات دوروز تک جاری رہیں گی، جس میں، ’’حضرت میاں میر بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس‘‘، محفل نعت اور محفل سماع، سمیت دیگر ایونٹس شامل ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات