1999 ورلڈ کپ فائنل میں ٹاس جیت کر کیا کرنا تھا وسیم اکرم نے بتا دیا

منگل 2 ستمبر 2025 14:15

1999 ورلڈ کپ فائنل میں ٹاس جیت کر کیا کرنا تھا وسیم اکرم نے بتا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے 1999 ورلڈ کپ فائنل میں پہلے بیٹنگ کرنے کی وجہ بتا دی۔سابق کپتان وسیم اکرم نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اور اپنے بچپن اور کرکٹ کیریئر سے متعلق اظہار خیال کیا۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ٹیم کی طاقت ہماری بولنگ تھی، ورلڈکپ میں بھی ہماری طاقت ہماری بولنگ تھی، میں خود اور وقار یونس، شعیب اختر، ثقلین مشتاق اور اظہر اور عبدالرزاق جیسے آل راؤنڈر تھے، ہمارے پاس بولنگ میں بہت آپشن تھے۔

انہوں نے کہا کہ 99 ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں ہم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کررہے تھے اور تمام میچز جیت بھی کررہے تھے تو فائنل میں بھی یہی فیصلہ تھا کہ پہلے بیٹنگ ہی کریں گے اور 200 رنز بھی کرلیے تو آسٹریلیا کو قابو کرلیں گے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے بتایا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ اچانک بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ فیلڈنگ کرنا تھی انہیں اب 25 سال بعد یاد آیا ہے۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ وہ میچ میرے لیے سب سے بری یاد ہے، کیونکہ وہ یکطرفہ میچ تھا اگر سنسنی خیز میچ ہوتا اور ہم قریب جاکر ہارتے تو اتنا افسوس نہیں ہوتا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔خیال رہے کہ 1999 کے ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جو کہ ورلڈکپ فائنل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ آسٹریلیا نے 133 رنز کا ہدف 21 ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔