Live Updates

ملک کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، ثناء اللہ مستی خیل

منگل 2 ستمبر 2025 13:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ مستی خیل نے کہا ہے کہ ملک کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور صوبوں کو اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور کلائمیٹ چینج کے باعث پاکستان کا خطہ شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف سیلاب بلکہ خشک سالی کا بھی خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں ملک کو پانی کی شدید قلت اور قحط سالی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ثناء اللہ مستی خیل نے دریاؤں اور آبی گزرگاہوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آبی راستوں پر قبضے سیلاب کی تباہ کاریوں کو مزید بڑھا دیتے ہیں، اس لیے اس عمل کو روکنے کے لیے حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک میں زراعت، صنعت اور گھریلو ضروریات کے لیے پانی سب سے بڑی ضرورت ہے اور ڈیموں کی تعمیر کے بغیر پانی کے مسائل پر قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی قیادت کو قومی مفاد میں متحد ہو کر آنے والی نسلوں کے لیے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات