سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹرعاصم حسین کیخلاف 17 اور 462 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے ریفرنس سماعت کے لیے ریگولر بینچ کوبھیج دیئے

منگل 2 ستمبر 2025 15:57

سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹرعاصم حسین کیخلاف 17 اور 462 ارب روپے کی مبینہ کرپشن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف 17 اور 462 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے ریفرنس سماعت کے لیے ریگولر بینچ کوبھیجتے ہوئے سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف 17 اور 462 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے ریفرنس ایف آئی اے منتقل نہ کرنے اور مزید کارروائی نہ کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ان کیسز کے بارے میں احتساب عدالت اور سپریم کورٹ فیصلہ کر چکی ہے۔ اس درخواست کی ریگولر بینچ ہی سماعت کرسکتا ہے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے ریگولر بینچ بھیجتے ہوئے سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کردی۔ درخواستگزار وکیل اشفاق پنہور نے دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ نیب نے ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر کے 17 اور 462 ارب روپے کرپشن کا ریفرنس دائر کیا تھا۔

(جاری ہے)

نیب ترمیم کے بعد عدالت نے ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھیج دیا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ چیئرمین نیب کارروائی کیلئے متعلقہ فورم کو ارسال کریں۔ ریفرنس دائر ہونے کے باوجود9 سال سے ریفرنس التوا کا شکار رہا۔ ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کیخلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔ تمام ملزمان کیخلاف فوری ٹرائل کا آغاز کیا جائے۔ کیس اگر ایف آئی اے کا بنتا ہے تو فوری طور پر ایف آئی اے کو ارسال کیا جائے۔ 17 اور 462 ارب روپے کی رقم فوری طور پر قومی خزانے میں واپس لائی جائے۔