الحمرا اور ہسپانو ی سفارتخانہ کے زیر اہتمام شاندار میوزک کے پروگرام کا انعقاد30ستمبر کو ہوگا

منگل 2 ستمبر 2025 18:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) لاہور آرٹس کونسل الحمرا عالمی فنون کے فروغ اور تہذیبی رشتوں کو مستحکم کرنے کے عزم کے ساتھ30 ستمبر کی شام الحمرا آرٹس سنٹر کے ہال نمبر2 میں ایک شاندار بین الاقوامی موسیقی کی شام کا اہتمام کر رہا ہے،جس میں دنیا کے ممتاز موسیقار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔اس تقریب میں سپین کے عالمی شہرت یافتہ سیلولسٹ الڈو ماٹا اور معروف آرٹسٹ Qi-Shen اپنی دلکش اور پراثر پرفارمنس سے ناظرین کو مسحور کریں گے۔

(جاری ہے)

الڈو ماٹا پہلے بھی الحمرا کے اسٹیج کو اپنی بے مثال دھنوں سے منور کر چکے ہیں جبکہQi- Shen اپنے نایاب فن کی بدولت پہلی بار لاہور کے ناظرین کے دل جیتنے آ رہی ہیں۔چیئرمین الحمرا رضی احمد نے اس حوالے سے کہا کہ یہ کنسرٹ نہ صرف پاکستان اور اسپین کے مابین ثقافتی تعلقات کو مزید گہرا کرے گا بلکہ موسیقی کے ذریعے محبت، ہم آہنگی اور بین الاقوامی ربط کو بھی فروغ دے گا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا محمد محبوب عالم چوہدری نے کہا کہ الحمرا کی جانب سے یہ ایک یادگار موقع ہے جو فنونِ لطیفہ کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے اظہار کی درخشاں کڑی ثابت ہوگا۔