Live Updates

پی ٹی آئی میں آئین، میرٹ ،اصولوں کی بالادستی یقینی بنانے کا فیصلہ

گروپ بندیوں کے خاتمے ،باہمی اعتماد کی فضا قائم کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز ملکرکام کریں گے ،دائود شاہ کاکڑ کی زیرصدارت سینئر رہنمائوں کے اجلاس میں فیصلہ

منگل 2 ستمبر 2025 18:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر رہنماؤں کی ایک اہم مشاورتی بیٹھک کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں پارٹی کو درپیش تنظیمی چیلنجز، گروپ بندیوں کے خاتمے اور میرٹ و آئینی بالادستی کے قیام پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کو فعال، منظم اور متحد بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

بیٹھک میں صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ، جنرل سیکریٹری جہانگیر رند ،سابق ایڈیشنل سیکریٹری بلوچستان عالم کاکڑ، سابق ٹکٹ ہولڈ نوازادہ امین جوگیزئی، سابق ٹکٹ ہولڈر سید عبدالحئی آغا، سابق ٹکٹ ہولڈر ملک عصمت کاکڑ، سردار نصیب اللہ کبزئی، سردار اعظم کاکڑ، سابق صدر رخشان ڈویژن سابق ٹکٹ ہولڈر ملک امان اللہ نوتیزئی، سابق ڈپٹی جنرل سیکریٹری کوئٹہ ڈویژن سید روح اللہ آغا، سینئر رہنما نحسین آغا، معاویہ بازئی، سابق افس سیکرٹری نیاز خلجی سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جان بلوچ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری اسحاق ترین، ڈویژن کو ئٹہ جنر ل سیکرٹری سلام آغا صدر ڈسٹرکٹ کوئٹہ سردار زین العابدین خلجی، شاکر مندوخیل سمیت دیگررہنما بھی شریک تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی میں آئین، میرٹ اور اصولوں کی بالادستی کو یقینی بنایاجائے گا ،گروپ بندیوں کے خاتمے اور باہمی اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز نے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔

اجلاس می عمران خان کے وژن کے مطابق پارٹی کی ازسرِنو تنظیم سازی اور تمام کارکنان کو ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ کیا اور تحریک انصاف کے ان تمام رہنماؤں اور کارکنان کو عزت دینے کا وعدہ کیا گیا جنہوں نے پارٹی کے لیے قربانیاں دیں اور میرٹ کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے رہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے منظم عوامی تحریک شروع کی جائے گی اور جلد ایک گرینڈ مشاورتی اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں تمام سینئر ساتھی اور قربانی دینے والے کارکنان شریک ہونگے ۔

صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے تمام سینئر رہنماؤں کا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک فیملی ہے ہم سب ایک ہیںپارٹی صرف اسی وقت منظم اور مضبوط ہو سکتی ہے جب ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلیںاور عمران خان کے وژن کے مطابق جدوجہد جاری رکھیں۔اجلاس کے اختتام پر معاویہ بازئی کی جانب سے تمام شریک رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات