ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کی یورپی کوشش مسترد، چین اور روس نے ایران کی حمایت کردی

منگل 2 ستمبر 2025 18:28

نیو یارک/تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) چین اور روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے یورپی ممالک کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے اقدام کی مخالفت کر دی ہے۔چین، روس اور ایران کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ خط میں کہا ہے کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے ''سنیپ بیک'' میکانزم کے تحت پابندیاں بحال کرنے کی کوشش نہ صرف قانونی اور طریقہ کار کے لحاظ سے ناقص ہے بلکہ یہ سلامتی کونسل کے اختیارات کا بھی غلط استعمال ہے۔

اس خط کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پلیٹ فارم ''ایکس'' پر جاری کیا۔خط میں خبردار کیا گیا کہ یورپی اقدام سیاسی طور پر تباہ کن ثابت ہوگا۔ ادھر شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) نے بھی یورپی ممالک کی اس حکمت عملی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف سلامتی کونسل کے اختیارات کمزور ہوں گے بلکہ 2015 کے جوہری معاہدے کو بھی نقصان پہنچے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے ایران نے 2015 کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یورینیم کی پیداوار مقررہ حد سے بڑھا دی تھی، تاہم ایران کا مقف ہے کہ چونکہ امریکہ اس معاہدے سے دستبردار ہو چکا ہے، اس لیے اس کی شرائط پر عمل درآمد کی پابندی ختم ہو گئی ہے۔دریں اثنا ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ اور یورپی ممالک کو دشمنانہ محاذ آرائی ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری ہی مسائل کا حل ہے۔ ان کے بقول: اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ حالیہ جنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ فوجی راستہ کارآمد نہیں ہو سکتا۔