بیلجیم کے وزیرخارجہ کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے، اسرائیل پر سخت پابندیوں کا اعلان

منگل 2 ستمبر 2025 18:28

برسلز/نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) بیلجیم کے وزیر خارجہ میکسم بریوو نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک رواں ماہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی حکومت پر ''سخت پابندیاں'' عائد کی جائیں گی تاکہ بین الاقوامی اور انسانی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

بریوو نے ایک بیان میں کہا کہ بیلجیم کا مقصد اسرائیلی عوام کو سزا دینا نہیں بلکہ اسرائیلی حکومت کو مجبور کرنا ہے کہ وہ عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور زمینی حقائق کو بدلنے کے اقدامات سے باز آئے۔ ان کے مطابق یہ اقدام دو ریاستی حل کے لیے ایک مضبوط سیاسی اور سفارتی پیغام ہے۔

(جاری ہے)

بیلجیم کی جانب سے مجوزہ پابندیوں میں غیر قانونی بستیوں کی مصنوعات کی درآمد پر پابندی، اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ سرکاری خریداری پالیسی کا ازسرِ نو جائزہ، غیر قانونی بستیوں میں بسے بیلجیم شہریوں کے لیے قونصلری سہولیات میں رکاوٹ، کچھ آباد کاروں اور دو انتہا پسند اسرائیلی وزرا کو ''ناخواہ افراد'' کی فہرست میں شامل کرنا اور اسرائیل کے ساتھ تحقیقی و تکنیکی تعاون کو معطل کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیلجیم ''نیو یارک اعلامیہ'' پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہوگا جو دو ریاستی حل کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا فرانس اور سعودی عرب کے اشتراک سے ایک اہم قدم ہے، تاکہ اسرائیل کی توسیعی پالیسیوں اور فوجی قبضے کی مذمت کی جا سکے۔