سندھو دریا میں غیر قانونی رنگ بند تباہی کا پیش خیمہ ہیں، سرائی نیاز حسین خاصخیلی

منگل 2 ستمبر 2025 19:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں بااثر افراد کی جانب سے قائم کیے گئے غیر قانونی رنگ بند ایک بڑے المیے کا پیش خیمہ ہیں، جنہیں فوری طور پر ختم کرایا جانا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ گڈو سے سمندر تک بااثر زمیندار اور کیٹی مالکان اپنی فصلیں بچانے کے لیے دریا میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، جس کے باعث پانی کے قدرتی بہاؤ میں خلل پیدا ہورہا ہے۔

اس صورتحال نے پانی کے دباؤ کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے اور کسی بھی وقت بڑے بند ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ اگر ایسا ہوا تو وسیع آبادیوں پر پانی چڑھ جائے گا اور لاکھوں لوگ تباہی و بربادی کا شکار ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا کہ فصلیں ہر سال دوبارہ کاشت ہوسکتی ہیں، لیکن انسانی جانوں کا نقصان کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا ہے، نہ کہ بعد میں مہینوں تک امداد بانٹنے اور نمائشی سیاست کرنے کا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی یہی صورتحال دیکھی گئی ہے کہ بند ٹوٹنے کے بعد دیہات اور شہر پانی میں ڈوب جاتے ہیں، لاکھوں لوگ بے گھر ہو جاتے ہیں اور پھر چھ ماہ تک صرف امدادی پیکیج اور نمائشی سرگرمیاں چلتی رہتی ہیں،دنیابھر میں بدنامی الگ ہوتی ہے، لیکن متاثرین کی بحالی کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔انہوں نے حکومت اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ دریائے سندھ میں قائم تمام غیر قانونی رنگ بند فوری ختم کرائے جائیں اور پانی کے قدرتی بہاؤ کو بحال کیا جائے۔

مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر نے آخر میں واضح کیا کہ انسانی زندگیاں سب سے قیمتی ہیں اور اگر آج بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کل بہت بڑی تباہی کا سامنا ہوسکتا ہے، جس کی مکمل ذمہ داری حکومت اور اداروں پر عائد ہوگی۔