ں*لاہور قلندرز کا نوجوانوں اور خواتین کیلئے کردار قابلِ تحسین ہے، اسپیکر ایاز صادق

ؔلاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ سے زائد نوجوان تربیت پا چکے ہیں: عاطف رانا

منگل 2 ستمبر 2025 19:25

aلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے لاہور قلندرز کے سی ای او اور مالک عاطف رانا نے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کی شمولیت اور ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق فریقین نے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلوں کے فروغ، خصوصاً نوجوانوں اور خواتین کے لئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ملک کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ ایاز صادق نے کہا پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ڈھونڈنے اور خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کو نہایت مثبت اور وقت کی ضرورت قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عاطف رانا نے اسپیکر کو پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد نوجوان اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ انہیں قومی دھارے کے کھیلوں میں شامل کیا جا سکے۔ خواتین کے حوالے سے عاطف رانا نے بتایا کہ ملک کے 25 سے زائد شہروں میں خواتین کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں تاکہ باصلاحیت خواتین کو کرکٹ میں پیشہ ورانہ کیریئر کے مواقع فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘لاہور قلندرز کا بنیادی مقصد عام عوام کو کھیل اور تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر عاطف رانا نے اسپیکر ایاز صادق کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعریف نہ صرف ان کے لیے بلکہ قلندرز کے پروگراموں سے وابستہ ہر نوجوان کھلاڑی کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا خواب ہے کہ نوجوانوں اور خواتین کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنا کر ایک صحت مند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کی جائے۔