ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت اجلاس،عید میلاد النبی ؐکےجلوسوں اورتقریبات کےحوالے سے تیاریوں کا جائزہ

منگل 2 ستمبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت عید میلاد النبی ؐکے جلوسوں اور تقریبات کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، پولیس، ایف سی، کیسکو، ڈی ایچ او، پی پی ایچ آئی، واسا، پی ایچ ای، ہیڈ ایم اے، میٹروپولیٹن، صفا کوئٹہ، بی ایم سی ہسپتال، بے نظیر ہسپتال، شیخ زاہد ہسپتال کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عیدمیلاالنبی ؐ کے جلوسوں کے موقع پر سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر جلوس کے شرکا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، جلوس کے داخلی مقامات پر واک تھرو گیٹ نصب ہوں گے جبکہ قندہاری بازار، پرنس روڈ، لیاقت بازار، عبدالستار روڈ اور مسجد روڈ کے دکانیں بند رہیں گی۔

(جاری ہے)

تمام راستوں پر پولیس اور ایف سی کے اہلکار سکیورٹی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔

صفا کوئٹہ کو جلوس کے روٹس کی مکمل صفائی کا پابند بنایا گیا جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ واسا اور پی ایچ ای کو جلوس کے دوران پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا۔ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہوگی اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت ڈاکٹروں کی مکمل حاضری یقینی بنائی جائے گی۔

اسی طرح کیسکو کو ہدایت دی گئی کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ، صفائی، روشنی، پانی، بجلی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ادارے باہمی ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں اور انتظامات کو سو فیصد عمل میں لائیں تاکہ جلوس اور تقریبات پُرامن اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکیں۔