تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی تحریک پیش کر دی

بدھ 3 ستمبر 2025 10:10

بینکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی تحریک پیش کر دی۔اے ایف پی کے مطابق حکمران جماعت نے قائم مقام وزیراعظم کی جانب سے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی تحریک پیش کرنے کی تصدیق کی ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نے وزیراعظم کے لیے ایک حریف امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے آئینی عدالت نے وزیراعظم پیتونگتارن شیناواترا کو عہدے سے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد ملک کی اعلیٰ قیادت میں ایک خلا پیدا ہوگیا۔ان کی جماعت فیو تھائی پارٹی تاحال نگران حیثیت میں حکومت چلا رہی ہے اور وزیراعظم کے لیے نئے امیدوار کی توثیق کے لیے سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی تاہم جیسے ہی پیپلز پارٹی نے قدامت پسند بزنس ٹائیکون انوٹن چانویراکل کی حمایت کا اعلان کیا، فیو تھائی پارٹی نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی جانب بڑھیں گے۔فیو تھائی پارٹی کے سیکرٹری جنرل سورا وونگ تھیانتھونگ نے اے ایف پی کو بتایا کہ قائم مقام وزیراعظم فومتھم ویچایچائی نے ایوان تحلیل کرنے کی تحریک جمع کرا دی ہے۔