Live Updates

پولیس ریسکیو ٹیم نے 700 خاندان محفوظ مقام پر منتقل کر دیئے

15پر آئی کال سے پانچ افراد کو سیلاب سے نکالا،ضلعی انتظامیہ کا بھی آپریشن جاری

بدھ 3 ستمبر 2025 14:35

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) سیلابی صورتحال کے دوران پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ایکشن لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ریاض نامی شخص کی 15 کال پر شریں روہیلا میںسیلاب میں پھنسے پانچ افراد اور ان کا اناج ایس ایچ او حویلی نے ٹیم کے ہمراہ بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

پولیس اب تک سیلاب متاثرین کی 50 ایمرجنسی کالز پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے 700 سے زائد خاندانوں کو محفوظ بنا چکی ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ پولیس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرہ افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو متاثرین کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر مزید لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے مکمل طور پر الرٹ رہیں اور متاثرین کو مشکل حالات میں ہرگز تنہا نہ چھوڑا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :