Live Updates

سیلابی پانی کے انخلاء کے ساتھ ہی بجلی کی بحالی بھی یقینی بنائی جائے ،کمشنر ساہیوال ڈویژن

بدھ 3 ستمبر 2025 15:20

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس کا انعقادہوا۔ کمشنر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی سپلائی بحال کرنے کا ٹائم فریم طلب کر لیا۔ سیلابی پانی کے انخلاء کے ساتھ ہی بجلی کی بحالی بھی یقینی بنائی جائے۔ انتظامیہ متاثرہ عوام کی بحالی پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

کمشنر ساہیوال۔ کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، ایس ای میپکو ناصر محمود فانی، ایس ای لیسکو سید قربان علی، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح متاثرہ افراد کی فوری بحالی ہے اس لئے پانی کی نکاسی کے ساتھ ہی ان علاقوں میں بجلی کی بحالی تیز کر دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں میپکو اور لیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ انہیں درپیش مسائل فوری حل ہو سکیں۔ ایس ای میپکو ساہیوال ناصر محمود فانی میں بتایا کہ ضلع ساہیوال اور پاکپتن میں سیلاب سے 22 فیڈرز متاثر ہوئے جبکہ صارفین کی تعداد 21168 ہے۔ اب تک 3 فیڈرز سے جزوی طور پر بجلی کی سپلائی بحال کر دی ہے۔ ایس ای لیسکو اوکاڑہ سید قربان علی نے بتایا کہ اوکاڑہ ضلع میں 15 فیڈر متاثر ہوئے جبکہ صارفین کی تعداد 4974 ہے جن میں سے 945 صارفین کی بجلی بحال کی جا چکی ہے۔ \378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات