حضرو ،یونیورسٹی آف کیمبرج کے زیرِ اہتمام کلائمیٹ کویسٹ کا پاکستان میں باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

بدھ 3 ستمبر 2025 15:53

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف کیمبرج کے زیرِ اہتمام کلائمیٹ کویسٹ کا پاکستان میں باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس تعلیمی پروگرام کا مقصد 14 سے 18 سال کے طلبہ کو بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے آگاہ کرنا، انہیں درکار علم و ہنر سے لیس کرنا اور عملی اقدامات کے لیے تیار کرنا ہے۔افتتاحی تقریب میں معروف ماہر ماحولیات اور سابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران ملک امین اسلم کو ماحولیاتی میدان میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایک یادگاری سووینئر بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسیسمنٹ کے سی ای او مسٹر پیٹر فلپس، کنٹری ڈائریکٹر پاکستان محترمہ عظمیٰ یوسف اور دیگر معزز مہمان بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے دو لاکھ سے زائد طلبہ کو ماحولیاتی مشن کا حصہ بنانے کے عزم کا اعلان کیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی نئی نسل ایک سرسبز اور پائیدار مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی ایک حکومت یا ادارے کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیمی اداروں، طلبہ اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔\378