کے ایم یو اکیڈمک کونسل نے بیسک میڈیکل سائنسز کے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کو ریموٹ کیمپسز تک توسیع دینے کی منظوری دے دی

بدھ 3 ستمبر 2025 17:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کی اکتیسویں اکیڈمک کونسل کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کے ایم یو پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں ڈینز، انسٹی ٹیوٹس کے ڈائریکٹرز، سینیئر پروفیسرز، ممتاز فیکلٹی ممبران اور ایک اسٹوڈنٹ نمائندے نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کونسل نے متفقہ طور پر ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز برائے بیسک میڈیکل سائنسز کے قیام کی منظوری دی جو کہ ہزارہ، اسلام آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان کیمپسز میں بہار 2026 سے شروع ہوں گے۔ یہ فیصلہ کے ایم یو کے اس مشن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد ملک کے مختلف خطوں میں اعلیٰ طبی تعلیم اور تحقیق کے مواقع کو وسعت دینا ہے۔

(جاری ہے)

کونسل نے دیگر اہم تعلیمی اقدامات کی بھی منظوری دی جن میں کانووکیشن ریگولیشنز ، ڈپلومہ ان ڈینٹل سرجری اسسٹنٹ (DSA)، ڈی پی ٹی کے نصاب میں اصلاحات، اور بی ایس پروگرامز برائے اسپیچ لینگویج پیتھالوجی، آکوپیشنل تھراپی، پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹس، اور آڈیالوجی شامل ہیں۔

اسی طرح آزاد کشمیر کے طلباء کے لیے ری ہیبیلیٹیشن پروگرامات میں کوٹہ مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ مزید براں، ایم ایس ریسپائریٹری تھراپی پروگرام، بی ایس اینڈوسکوپی ٹیکنالوجی، بی ایس ڈینٹل ہائجین، ماسٹر آف سائنس کلینیکل سائیکالوجی، ماسٹر ان ایناٹومی اور پی ایچ ڈی کیمیکل پیتھالوجی جیسے نئے پروگرامز کی بھی منظوری دی گئی۔ کونسل نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ لیول پردو کریڈٹ آورز پر مشتمل فہم القرآن کورسز کو ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق نصاب میں شامل کرنے کی منظوری دی، جبکہ غیر مسلم طلباء کے لیے متبادل مضامین میں دو کریڈٹ آورز مختص کیے گئے۔

اس کے ساتھ ساتھ مختلف سرٹیفکیٹ اور ڈپلومہ پروگرامز کی بھی منظوری دی گئی جن میں آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر اور اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپرایکٹیویٹی ڈس آرڈر، انٹیلیجنٹ اناٹومی: فرام اسٹرکچر ٹو سیمولیشن، ہیلتھ ڈیٹا سائنسز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ان لیڈرشپ اینڈ مینجمنٹ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کے ایم یو کے مرکزی کیمپس پشاور میں بیسک میڈیکل سائنسز کے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز 2011 سے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں اور اب تک درجنوں محققین اور ماہرین پیدا کر چکے ہیں۔

ان پروگرامز کو علاقائی کیمپسز تک توسیع دینا ان طلباء کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو دوری یا منتقلی کی مشکلات کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم کے حصول میں رکاوٹ محسوس کرتے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے کہا کہ کے ایم یو کا وژن صوبے اور ملک بھر میں معیاری اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف مقامی کمیونٹیز کی ضروریات پوری کریں گے بلکہ قومی سطح پر میڈیکل ریسرچ کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہوئے بہتر طبی خدمات کی فراہمی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔