اتحاد ایئرویز کا تاریخ کا سب سے منافع بخش پہلا نصف سال، 1.1 ارب درہم کا ریکارڈ منافع

بدھ 3 ستمبر 2025 17:00

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) اتحاد ایئرویز نے رواں سال کے پہلے نصف سال، 1.1 ارب درہم کا ریکارڈ منافع حاصل کر لیا۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اتحاد ایئرویز نے 2025 کی پہلی ششماہی میں اپنی تاریخ کی بہترین مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ منافع اور مسافروں کی تعداد رپورٹ کی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق، ٹیکس کے بعد خالص منافع 1.1 ارب درہم (306 ملین امریکی ڈالر) رہا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔

یہ نمو مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب، پیداوار اور افادیت میں بہتری، اور مسافر و کارگو سروسز میں حاصل شدہ زیادہ منافع بخش ریٹس کا نتیجہ قرار دی گئی ہے۔کمپنی کی مجموعی آمدن میں بھی سال بہ سال 16 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جس میں مسافروں کے شعبے میں 16 فیصد اور کارگو میں 9 فیصد کی نمو شامل ہے۔

(جاری ہے)

مالی استحکام کی بات کرتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا کہ (بنیادی آمدنی) 2.7 ارب درہم (739 ملین امریکی ڈالر) تک جا پہنچی، جب کہ ’بنیادی آمدنی‘کا مارجن 20 فیصد تک بہتر ہوا۔

سال کی پہلی ششماہی میں اتحاد نے 1 کروڑ 2 لاکھ سے زائد مسافروں کو سفر کی سہولت دی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ہے۔ یہ کارکردگی 14 فیصد زیادہ دستیاب نشست-کلومیٹر (آسک ) اور 87 فیصد بہتر لوڈ فیکٹر کے باعث ممکن ہوئی۔ جولائی کے آغاز میں ایئرلائن نے گزشتہ 12 ماہ میں 2 کروڑ مسافروں کے سفر کا سنگِ میل عبور کیا، جو کہ 2022 میں ریکارڈ ہونے والے 1 کروڑ مسافروں کے دگنے کے برابر ہے۔

آپریٹنگ بیڑے کی بات کی جائے تو ایئرلائن کے زیر استعمال طیاروں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ اپریل میں اتحاد کو اپنا چھٹا ایئربس A350 موصول ہوا، جب کہ مئی میں ساتواں A380 دوبارہ سروس میں لایا گیا۔ جولائی 2025 میں اتحاد نے ایک ہی ماہ میں پانچ نئے طیارے اپنے بیڑے میں شامل کیے، جن میں پہلا A321LR بھی شامل ہے،یہ کسی بھی ایک مہینے میں طیاروں کی سب سے زیادہ ترسیل کا نیا ریکارڈ ہے۔

اپریل 2025 میں ایئرلائن نے نیا A321LR پروڈکٹ لانچ کیا، جو مشرق وسطیٰ میں پہلی بار چھوٹے سائز کے طیاروں میں وائیڈ باڈی طرز کی پرتعیش سہولیات متعارف کروا رہا ہے۔ اگست کے آغاز میں یہ طیارہ اپنی پہلی پرواز پر فوکٹ روانہ ہوا۔جون 2025 تک اتحاد ایئرویز کا نیٹ ورک تقریباً 90 عالمی و موسمی مقامات تک وسیع ہو چکا ہے۔ اتحاد گروپ کے چیئرمین محمد علی الشرفا کا کہنا تھا کہ اس برس اب تک 27 نئی منزلوں کا آغاز یا اعلان کیا جا چکا ہے، جو ابوظہبی کو دنیا کے سب سے زیادہ مربوط اور قابلِ رسائی شہروں میں تبدیل کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔

ان کے مطابق یہ وسعت نہ صرف براہِ راست پروازوں بلکہ سٹاپ اوور مواقع کو بھی تقویت دے رہی ہے،2025 کی پہلی ششماہی میں اتحاد نے 1,700 سے زائد نئے ملازمین بھرتی کیے، جن میں 100 سے زائد پائلٹس اور 1,000 کیبن کریو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی میں اندرونِ خانہ ترقی کے مواقع بھی نمایاں رہے، اور 1,100 سے زائد ملازمین کو ترقی دی گئی۔