کمسن اور نوجوان شیشہ، حقہ اور آئس نشے کی لعنت میں مبتلا، والدین شدید پریشان

بدھ 3 ستمبر 2025 17:08

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) کمسن اور نوجوان شیشہ، حقہ اور آئس نشے کی لعنت میں مبتلا، والدین شدید پریشان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو، وائس چیئرمین نظیر احمد جمالی، صدر زاہد علی وگھن، کوآرڈینیٹر میر حسن کریم گولو، جنرل سیکریٹری راجہ انڑ، انفارمیشن سیکریٹری فہیم رسول سومرو، ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر آغا محمد سراج واگھو، آڈیٹر نثار احمد سومرو، خزانچی محمد مزمل داؤدپوٹو، آفیس سیکریٹری محمد آصف منجھو اور دیگر نے جیکب آباد اور گردونواح میں نوجوانوں اور کمسن بچوں میں بڑھتے ہوئے شیشہ، حقہ اور آئیس کے نشے کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی محمد کلیم ملک سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے فورم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس خطرناک نشے کی وجہ سے نوجوان مختلف سماجی برائیوں کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ والدین اور سول سوسائٹی سخت پریشانی میں مبتلا ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس اور متعلقہ ادارے اس سنگین مسئلے کے تدارک میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے معصوم بچوں کا مستقبل تباہی کے دہانے پر پہنچ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ نشے کی لعنت نہ صرف معاشرتی زوال کا باعث ہے بلکہ یہ ہماری نئی نسل کے مستقبل کو بھی داؤ پر لگا رہی ہے اس لیے اس مسئلے کا سدباب نہایت ضروری ہے، مہران سوشل فورم کے عہدیداران نے امید ظاہر کی ہے کہ ایس ایس پی جیکب آباد اس معاملے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ضلع کو شیشہ، حقہ اور آئیس جیسے موذی نشوں سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ والدین سکون کا سانس لے سکیں۔