خواتین یونیورسٹی نے سینے کے کینسر بارے کامیاب آگاہی مہم چلانے پر ”پنک ربن “ایوارڈ جیت لیا

بدھ 3 ستمبر 2025 17:54

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) خواتین یونیورسٹی ملتان نے چھاتی کے کینسر بارے آگاہی مہم چلانے پر دوسری بار ہائرایجوکیشن کمیشن پنک ربن ایوارڈ میں پہلی پوزیشن جیت لی، اس سے قبل ویمن یونیورسٹی ملتان نے 2023 ءمیں بھی یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا ۔ ترجمان کے مطابق رواں برس اس سلسلے میں اہم تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں خواتین یونیورسٹی ملتان کی نمائندگی ، فوکل پرسن، ایچ ای سی پنک ربن یوتھ پروگرام ڈاکٹر آسیہ بی بی نے کی ۔

ایچ ای سی پنک ربن یوتھ ایوارڈ کی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر نور آمنہ ملک اور پنک ربن کے سی ای او مسٹر عمر آفتاب نے شرکت کی اور 25 لاکھ سے زائد جوانوں اور خواتین میں چھاتی کے کینسر بارے آگاہی دینے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کاکہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان لڑکیوں میں سینے کے کینسر کا تناسب بڑھ رہا ہے اور اس کی بقا کی واحد کنجی آگاہی ہے ،ہمیں اپنی نسل کو صحت مند ہونے کے لیے تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا مستقبل بہتر ہو، پاکستان کی خواتین میں اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لیے ایچ ای سی اور پنک ربن کی کاو شیں قابل تعریف ہیں۔

ڈاکٹر ملکہ رانی کا کہنا تھا کہ یہ یونیورسٹی کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ سینے کے سرطان سے متعلق آگاہی مہم کو کامیابی میں پہلے نمبر پر رہی اور اس کی کوششوں کے اعتر اف میں ایوارڈ دیا گیا، مستقبل قریب میں بھی ایسی مہم میں ویمن یونیورسٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔