Live Updates

حضرت پیرمکی صاحب ؒ کی835 ویں سالانہ عرس کے افتتاح کی روح پررور تقریب

بدھ 3 ستمبر 2025 18:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) صوبائی وزیرہاؤسنگ بلال یٰسین اورسیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے حضرت پیر مکی صاحب کی835ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح رسم چادر پوشی سے کیا۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خانقاہیں خدمت خلق کا سب سے بڑا ادارہ ہیں۔ موجودہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کیلئے خانقاہوں کے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے۔

صوفیاء خدمتِ خلق کے سب سے بڑے داعی تھے۔ روحانی اور دینی اقدار کے فروغ سے ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ ملّی یکجہتی، قومی بقا اور پاکستان کے تحفظ کے لیے خانقاہوں کو فعال کرنا ہوگا۔ انتہا پسندی کے تدارک کے لیے دین کی محبت آمیز فکر کا ابلاغ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوفیا نے تعمیر ملّت کا فریضہ نہایت خلوص اور جانفشانی سے سرانجام دیا ان کی خانقاہوں سے دینِ اسلام کی ترویج کاکام احسن طریقے سے ادا کیا گیا، جس کے سبب آج خطّے میں کروڑہا مسلمان اللہ تعالیٰ کی وحدانیت،رسول اللہ کی رسالت اور اسلام کی صداقت کا علم بلند کئے ہوئے ہیں، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ صوفیا نے سوسائٹی کو رواداری، انسان دوستی، اخوت، بھائی چارے اور برداشت جیسے جذبوں سے آراستہ کیا، جس کو مزید فروغ دینے کی آج اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سالا نہ عرس مبارک کی تقریبات دو روز تک جاری رہیں گی۔جس کے لیے محکمانہ سطح پر سیکیورٹی، صفائی اور لنگر کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات