منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کا پاکستان آرٹ اینڈ کرافٹس گیلری اسلام آباد کا دورہ

بدھ 3 ستمبر 2025 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ خیبرپختونخوا کے منیجنگ ڈائریکٹر عبد الحمید خان نے پاکستان آرٹ اینڈ کرافٹس گیلری اسلام آباد کا دورہ کیا جس کا مقصد گیلری کی موجودہ کارکردگی اور سرگرمیوں کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران ایم ڈی عبد الحمید خان کو گیلری کے انچارج عتیق الرحمٰن شاہ نے گیلری کے مختلف پہلوؤں اور مستقبل کے اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

پاکستان آرٹ اینڈ کرافٹس گیلری اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیار ہونے والی تاریخی اور ثقافتی اشیاء کی نمائش، ترویج اور معرفت کی جاتی ہے۔ یہ گیلری نہ صرف صوبے کی ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کا ایک اہم برانڈنگ مرکز بھی ہے، جہاں صوبے کے دستکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مؤثر پلیٹ فارم میسر آتا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر نے گیلری کے عملے کی محنت اور کاوشوں کو سراہا اور ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سٹاف کے جذبے اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے وزیٹرز کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔