Live Updates

صوبائی حکومت امتحانی نظام میں ٹیکنالوجی کے انضمام کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے،شفقت آیاز

بدھ 3 ستمبر 2025 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز سے چئرمین مردان بورڈ پروفیسر جہان زیب نے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کی ڈیجیٹائزیشن اور امتحانی نظام کو مکمل طور پر نقل اور بے ضابطگیوں سے پاک بنانے کے لیے اصلاحات کے نفاذ پر بات چیت ہوئی۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے ملاقات کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت امتحانی نظام میں ٹیکنالوجی کے انضمام کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت ’’ڈیجیٹل پیپرز بینک‘‘ کا قیام سب سے اہم اقدامات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے صرف ایک کلک پر الگ اور محفوظ پرچے تیار کیے جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

ہر پرچہ خودکار طریقے سے تیار ہوگا تاکہ کوئی بھی دو طلبہ ایک جیسے پرچے نہ پائیں۔ اس طرح پرچوں کے افشا، نقل اور دوہرے پن کے امکانات ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپرز بینک کے ساتھ ساتھ دیگر ڈیجیٹل اصلاحات جیسے ای مارکنگ اور آن لائن رزلٹ سسٹم بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ای مارکنگ کے ذریعے جانچ پڑتال کے عمل میں شفافیت آئے گی اور انسانی غلطیوں و جانبداری کا خاتمہ ہوگا۔

اسی طرح آن لائن رزلٹ سسٹم کے ذریعے طلبہ اپنے نتائج فوری اور محفوظ طریقے سے گھروں میں بیٹھے حاصل کر سکیں گے، جس سے تاخیر اور شکایات میں کمی آئے گی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کا عمل نہ صرف نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گا بلکہ والدین کا امتحانی بورڈز پر اعتماد بھی بحال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو طویل عرصے سے امتحانی بے ضابطگیوں پر تحفظات تھے لیکن اب ڈیجیٹائزیشن کے بعد شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنایا جائے گا اور والدین کا یقین مضبوط ہوگا۔

چئرمین مردان بورڈ پروفیسر جہان زیب نے ڈاکٹر شفقت ایاز کو یقین دلایا کہ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز ان اصلاحات کے نفاذ میں بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نقل کے خاتمے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے صوبے کے تعلیمی معیار اور ساکھ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور چئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا پاکستان کا پہلا صوبہ بنے گا جہاں تمام امتحانی بورڈز مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور نقل سے پاک ہوں گے، اور اس ماڈل کو دوسرے صوبوں کیلئے مثال بنایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات