ڈیجیٹل معیشت پاکستان کا مستقبل ہے، نوجوانوں کو سہولتیں دی جائیں، حنین ضیاء

بدھ 3 ستمبر 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)سوشل انٹرپرینیور، ڈیجیٹل مارکیٹر اور ای کامرس ماہر حنین ضیاکاکہنا ہے کہ ای کامرس پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو بااختیار کرنے کا ایک مو ثر ذریعہ ہے۔ دنیا بھر میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیاں تیزی سے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل ہورہی ہیں اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے بھی اس شعبے میں آگے بڑھنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

حنین ضیانے کہاکہ حکومت اگر نوجوانوں کو سہولتیں اور ٹیکس میں ریلیف فراہم کرے تو یہ قدم نہ صرف نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے قابل بنائے گا بلکہ ملکی معیشت میں بہتری بھی لائے گا۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جاسکتا ہے جس سے برآمدات کے نئے دروازے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، اس لیے انہیں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے طریقوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اگر مناسب تربیت اور حکومتی سرپرستی فراہم ہو تو نوجوان اپنی معاشی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کو بھی ترقی کی راہ پر لے جا سکتے ہیں۔ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل دور میں داخل ہوچکی ہے، ایسے میں پاکستان کو بھی فوری اقدامات اٹھانا ہوں گے، بصورت دیگر عالمی سطح پر ہم پیچھے رہ جائیں گے۔