بہیمانہ دہشت گردی واقعات صوبے کی سیاسی قیادت ،عوام کو قومی، سیاسی، جمہوری، حقوق سے ہرگز دستبردار نہیں کر سکتے،آل پارٹیز بلوچستان

بدھ 3 ستمبر 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ کی زیر صدارت آل پارٹیز اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین اور جماعت اسلامی کے وفود نے شرکت کی۔

اجلاس سے ساجد ترین ایڈووکیٹ، عبدالروف لالا، ڈاکٹر اسلم بلوچ، اصغر خان اچکزئی، دائود شاہ کاکڑ، علامہ ولایت حسین، زاہد اختر اور دیگر شرکاء نے خطاب کیا اور اپنی آراء و تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں 2 ستمبر کو سردار عطاء اللہ خان مینگل کی چوتھی برسی کے جلسہ عام کے اختتام پر صوبے کی اعلیٰ سیاسی قیادت پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اس کی ذمہ داری فوج اور خفیہ اداروں پر عائد کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ اس طرح کے بہیمانہ دہشت گردی کے واقعات صوبے کی سیاسی قیادت اور عوام کو اپنی قومی، سیاسی، جمہوری، معاشی اور سماجی حقوق سے ہرگز دستبردار نہیں کر سکتے۔ اس قسم کے واقعات ریاست کی جانب سے صوبے کی قومی و جمہوری تحریکوں کے خلاف انتہائی اقدام ہیں جن کے خلاف صوبے کے عوام کو متحرک کیا جائے گا۔اجلاس میں بم دھماکے کے شہداء کے ایصالِ ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہداء کے مقدس خون کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

مزید برآں، اجلاس میں طے پایا کہ اس المناک دہشت گردی کے خلاف پورے صوبے میں منظم عوامی احتجاج کی کال دی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان آل پارٹیز کے اکابرین مورخہ 4 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب میں سہ پہر 12 بجے ایک اہم پریس کانفرنس میں کریں گے۔