400 روپے ڈیلی الاؤنس ہماری بے عزتی ہے: قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکوہ

400 روپے مزدور کی دیہاڑی نہیں اور ہمیں الاؤنس دینے کا کہا جا رہا ہے، ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور ہمارے ڈیلی الاؤنس کی سب کو تکلیف ہے: ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 ستمبر 2025 11:31

400 روپے ڈیلی الاؤنس ہماری بے عزتی ہے: قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکوہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 ستمبر 2025ء ) پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شکوہ کیا ہے کہ 400 روپے کے ڈیلی الاؤنس کی بات کرنا زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مؤقف ہے کہ 400 روپے تو مزدور کی دیہاڑی نہیں ہے اور ہمیں ڈیلی الاؤنس دینے کا کہا جا رہا ہے، یہ ہماری بے عزتی ہے ، اس سے بڑھ کر آپ کسی کی کیا بے قدری کریں گے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ روزگار ہے نہیں ، ڈیلی الاؤنس پہلے بھی وقت پر نہیں ملتا اور اب 400 روپے کی بات کی جا رہی ہے، اگر یہی حالات رہے تو ہاکی چھوڑنے پر مجبور ہوں گے، ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ، ملک کی وجہ سے سب کچھ ہے لیکن 400 روپے کا سن کر دکھ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور ہمارے ڈیلی الاؤنس کی سب کو تکلیف ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ پی ایس بی نے 400 روپے ڈیلی الاؤنس دینے کا کہا، رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ اسپورٹس بورڈ سمجھتا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات ٹھیک نہیں، ہاکی فیڈریشن مالی معاملات کو اپنے قانون کے مطابق دیکھتی ہے، سپورٹس بورڈ کہتا ہے کھلاڑی کو 400 روپے ڈیلی الاؤنس دو، کھلاڑی 100 ڈالر پر مطمئن نہیں، 400 روپے پر کیسے کھیلے گا، ہاکی کا کھلاڑی 400 روپے ڈیلی الاؤنس پر نہیں کھیلے گا، ہاکی فیڈریشن 100 ڈالر کے قریب کھلاڑی کو الاؤنس دیتی ہے۔

سیکرٹری جنرل ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے پاس اپنا اسٹیڈیم نہیں، ہاکی فیڈریشن کے پاس صرف قومی ٹیم ہے جسے دوروں پر بھیجا جاتا ہے، ہاکی فیڈریشن اپنی حیثیت سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، پرائیویٹ اسپانسر شپ کے ساتھ حکومت پیسے دےگی تو ہاکی فیڈریشن چلےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو منتیں کرکے واپس لائےہیں، ڈیپارٹمنٹس ختم ہو رہے ہیں تو کھلاڑی کیسے اپنا گزر بسر کریں گے۔