فرانس نے شی اِن پر کوکیز کے غلط استعمال پر 175 ملین ڈالر جرمانہ عائد کر دیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 13:54

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) فرانس کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے آن لائن فاسٹ فیشن ریٹیلر شی اِن (Shein) پر کوکیز کے غلط استعمال پر 150 ملین یورو (175.61 ملین ڈالر) کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔رائٹرز کے مطابق فرانسیسی کمیشن ’’سی این آئی ایل‘‘ جو صارفین کے ڈیٹا پروٹیکشن کے نفاذ کا ذمہ دار ہے، نے کہا کہ شی اِن کی ویب سائٹ صارفین کا ڈیٹا ان کی اجازت کے بغیر جمع کر رہی تھی، اگست 2023 میں کیے گئے ٹیسٹ کے مطابق جب صارفین شی اِن کی فرانسیسی ویب سائٹ پر کوکیز سے انکار کرتے تھے تب بھی کچھ کوکیز ان کے کمپیوٹر پر انسٹال ہو جاتی تھیں۔

یورپی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن کے تحت کوکیز کو ذاتی ڈیٹا تصور کیا جاتا ہے کیونکہ ان سے خریداروں کی شناخت اور اشتہارات کے لیے ٹارگٹنگ کی جاتی ہے اور ان کے استعمال کے لیے واضح رضامندی لینا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

سی این آئی ایل نے اپنے بیان میں کہا کہ جرمانے کی رقم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کمپنی نے متعدد تقاضوں کو نظرانداز کیا ہے، صارفین کی اجازت کے بغیر کوکیز انسٹال کیں، ان کے فیصلے کا احترام نہیں کیا اور درست معلومات فراہم نہیں کیں۔

ادارے نے مزید کہا کہ شی اِن کے بڑے پیمانے پر کاروبار کو بھی فیصلے میں مدنظر رکھا گیا ہے کیونکہ ہر ماہ تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ فرانسیسی صارفین اس ویب سائٹ پر آتے ہیں۔دوسری جانب، کمپنی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور اپیل دائر کرے گی۔ شی اِن نے کہاکہ یہ جرمانہ سراسر غیر متناسب ہے اور ہم پہلے ہی اصلاحی اقدامات اٹھا چکے ہیں۔کمپنی کے مطابق اس نے اگست 2023 سے سی این آئی ایل کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور اپنی ڈیٹا پروٹیکشن پالیسی کے تمام پہلوؤں کو بہتر بنایا ہے۔