رواں برس کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 43 ہزار واقعات، ڈکیتی مزاحمت پر 60 شہری قتل

جمعرات 4 ستمبر 2025 12:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) رواں برس کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 43 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، ڈکیتی مزاحمت پر 60 افراد قتل اور 216 زخمی ہوئے۔ سال 2025 میں ماہ اگست تک شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 43 ہزار 419 واقعات رپورٹ ہوئے، 8 ماہ کے دوران 60 شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل جبکہ 216 زخمی ہوئے تاہم پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 53 ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال اب تک شہریوں سے 11ہزار 268موبائل فون چھین لیے گئے، 1430 گاڑیاں اور 30 ہزار 721 موٹر سائیکلیں بھی چھینی اور چوری کی گئیں۔ رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ شرح 46.37، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی 5.88جبکہ موٹر سائیکلیں چھینے اور چوری کی یومیہ شرح 126.42 رہی۔ واضح رہے کہ سال 2024 میں اگست تک کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 49 ہزار 615 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔2024کے پہلے 8 ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 78 افراد قتل اور 310 زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ برس کے پہلے 8 ماہ میں شہریوں سے 13 ہزار 406 موبائل فون چھینے گئے تھے جبکہ 1342گاڑیاں اور 34ہزار 867 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئی تھیں۔