آر ایم آئی اور پی سی ایچ ایف کا اشتراک، پیدائشی دل کے مریض بچوں کے کامیاب 22 آپریشن

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور نے پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے بچوں کے دل کے ماہر سرجن ڈاکٹر طارق سہیل بابر کی زیر نگرانی 22 بچوں کے دل کے کامیاب آپریشن کیے۔ تر جمان رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور کے مطابق پیدائشی دل کے امراض وہ بیماریاں ہیں جو بچے کو پیدائش کے وقت ہی لاحق ہوتی ہیں۔

ان میں اکثر دل میں سوراخ ہونا، دل کی رگوں یا والوز کی خرابی، یا خون میں آکسیجن کی کمی شامل ہیں۔ ایسے بچے عموماً سانس لینے میں دشواری،اور وزن نہ بڑھنے جیسے مسائل کا شکار ہوتے ہیں، اور ان کا بروقت علاج اور آپریشن نہایت ضروری ہوتا ہے۔اس کامیابی کے موقع پر پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو فرحان احمد اور اُن کی ٹیم نے آر ایم آئی کا دورہ کیا اور آر ایم آئی کے چیف ایگزیکٹو شفیق الرحمن سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر اعظم جان، سربراہ شعبہ دل کے آپریشن، اور ڈاکٹر طارق سہیل بابر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کیے گئے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ بچوں کے دل کے علاج کے پروگرام کو مزید بہتر اور وسیع کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے وفد نے آر ایم آئی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد رحمان سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں اداروں نے بچوں کے دل کے علاج کو مزید فروغ دینے اور ضرورت مند مریضوں تک زندگی بچانے والی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ اشتراک پاکستان میں بچوں میں پیدائشی دل کے امراض کے علاج میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور آر ایم آئی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ جدید طبی سہولیات کے ذریعے مریضوں کو بہترین اور موثرعلاج فراہم کرتا رہے گا۔