پیپلز پارٹی بلوچستان کے وفد کی صدر سینیٹر عمر گورگیج کی قیادت میں بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ملاقات،خیریت دریافت کی

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی کی ہدایت پر پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج، سیکرٹری اطلاعات و صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ ، رکن صوبائی اسمبلی عبید اللہ گورگیج اور صوبائی جنرل سکرٹری ربانی خان کاکڑ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سردار اختر جان مینگل سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

ترجمان پیپلز پارٹی بلوچستان کے مطابق اس موقع پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے سانحہ شاہوانی سٹیڈیم پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کی۔ وفد نے شہدا کے لواحقین سے دلی تعزیت ، شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔پیپلز پارٹی کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کے پرامن سیاسی ماحول کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، عوام اور سیاسی قیادت باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ایسے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ اس موقع پر باہمی تعاون، سیاسی ہم آہنگی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔