رواں سال 50 فیصد روسی کمپنیاں سائبر حملوں کا شکار ہوئیں، ایک چوتھائی کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، رپورٹ

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:57

ولادی ووستوک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) روس کی نصف سے زائد کمپنیاں 2025 میں سائبر حملوں کا شکار ہو چکی ہیں جن میں سے ایک چوتھائی نے بڑے مالی نقصانات جبکہ دیگر نے ساکھ کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کیا ہے۔ تاس کے مطابق یہ بات سبیر بینک کے ڈپٹی چیئرمین آف دی بورڈ ستانسلاو کوزنیٹسوو نے مشرقی اقتصادی فورم سے خطاب میں بتائی۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے اندازوں کے مطابق کم از کم 53 فیصد روسی کمپنیاں 2025 میں سائبر حملوں کا شکار ہوئی ہیں جن میں سے 10 میں سے 8 کو سنگین نتائج بھگتنا پڑے، ایک چوتھائی کمپنیوں نے اعتراف کیا کہ ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا جبکہ مزید ایک چوتھائی نے بڑے مالی نقصانات کی نشاندہی کی، اس کے علاوہ 48 فیصد کمپنیوں نے اپنے کاروبار، ویب سائٹس اور سرگرمیوں کی بندش کا بھی سامنا کیا۔

(جاری ہے)

کوزنیٹسوو نے کہا کہ ہر تین منٹ بعد کسی نہ کسی روسی کمپنی پر سنگین سائبر حملہ ہوتا ہے اور سال کے آغاز سے اب تک ان حملوں کی شرح تین گنا بڑھ چکی ہے۔ ان حملوں سے روسی معیشت کو 18.4 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ دسویں مشرقی اقتصادی فورم کا انعقاد 3 سے 6 ستمبر تک ولادی ووستوک میں جاری ہے ، فورم میں 100 سے زائد موضوعاتی اجلاس شامل ہیں اور اس میں 70 سے زیادہ ممالک و خطوں سے 4 ہزار 500 سے زائد شرکا شریک ہیں۔