پاکستان کو رواں مالی سال میں 5 دوست ممالک سے 29 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی توقع

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء)پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران 5 دوست ممالک سے 29 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت یو اے ای، کویت، سعودی عرب، قطر اور آذربائیجان سے بڑے پیمانے پرپاکستان میں سرمایہ کاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔وفاقی حکومت نے 5 دوست ممالک سے 29 ارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کے تخمینہ جات کو رواں مالی سال 2025۔

26 کے سالانہ پلان کا حصہ بنایا ہے۔دستاویز کے مطابق متحدہ عرب امارت اورکویت سے 10،10 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کا تخمینہ ہے جب کہ پاکستان میں سعودی عرب سے 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔دستاویز میں دکھایا گیا ہے کہ آذربائیجان اور قطر سے 2،2 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں یہ سرمایہ کاری توانائی، زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں متوقع ہے۔

حکام کے مطابق سرمایہ کاری سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، نئے روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے، معاشی استحکام آئے گا، نئے منصوبے شروع ہوں گے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری آئے گی۔واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال 2024۔25 میں پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 2 ارب 46 کروڑ ڈالرز تھا جب کہ مالی سال 2023۔24 میں پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 2 ارب 35 کروڑ ڈالرز تھی۔