رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کی وزیر مملکت برائے تعلیم وجہیہ قمر سے ملاقات ،بلوچستان میں تعلیمی شعبے سے متعلق تبادلہ خیال

جمعرات 4 ستمبر 2025 18:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے جمعرات کو وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان کی عوامی مسائل اور صوبے میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان مسلم لیگ (ن)کی اولین ترجیح ہے، خصوصاً تعلیم کے شعبے میں وفاقی حکومت کے اقدامات لائقِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور وفاقی حکومت کی توجہ سے صوبے کے طلبا کو بہتر مواقع میسر آ رہے ہیں۔وزیر مملکت وجیہہ قمر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزارتِ تعلیم بلوچستان میں تعلیمی ڈھانچے بلخصوص ہنر مندی کے پروگرام کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے جن میں صوبے کے پسماندہ اضلاع میں نئے تعلیمی اداروں پر توجہ،طلبہ و طالبات کے لیے وظائف اور سکالرشپ پروگرامز، اعلی تعلیم کے شعبے میں وفاقی یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا۔

(جاری ہے)

دور دراز علاقوں میں ڈیجیٹل ایجوکیشن اور ای لرننگ پروگرامز کے ذریعے طلبا کو جدید تعلیم تک رسائی دینا دینا شامل ہیں۔ جمال شاہ کاکڑ نے ان اقدامات پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام خاص طور پر نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ایسے اقدامات نہایت خوش آئند ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن)صوبے اور وفاق میں مل کر بلوچستان کے عوام کی ترقی اور فلاح کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔