دنیا اور آخرت میں کامیابی کے لیے نبی کریمﷺکے اخلاق حسنہ پر عمل پیرا ہونا ہوگا ،مقررین کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) نبی کریمﷺ کے اخلاقِ حسنہ اور فکروعمل نے دنیا میں انقلاب برپا کر دیا۔دنیا اور آخرت میں کامیابی کے لیے نبی کریمﷺ کے اخلاق حسنہ پر عمل پیرا ہونا ہوگا ۔ہمارے تمام مسائل کا حل آپ ﷺ کی کامل اتباع میں ہے۔ماہ ربیع الاول کی مبارک گھڑیوں میں اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ کے سانچے میں ڈھالنے کا عزم کریں۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان' لاہور میں منعقدہ سیرت النبیﷺ سیمینار بعنوان ''نبی ٔ آخر الزماں کا اخلاق حسنہ'' کے دوران کیا۔ اس سیمینار کا اہتمام ادارۂ نظریۂ پاکستان نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا جس کی صدارت سینئر وائس چیئرمین ادارۂ نظریۂ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کی۔

(جاری ہے)

پروگرام کے آغاز پر قاری خالد محمود نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ شمون آفتاب نقوی' محمد بلال ساحل 'حافظ محمد طلحہ اور حافظ محمد وارث سلطانی نے بارگاہ رسالت مآبﷺ ۖ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔

نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ نے انجام دئیے۔ میاں فاروق الطاف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا نبی کریمﷺ ۖ کا اخلاق سب سے اعلیٰ ہے جس کی گواہی خود اللہ تعالی نے دی ۔ آپﷺنے اپنے پیرو کاروں کی اس طرح تربیت کی کہ ان میں ایمان کی پختگی آگئی' وہ جھوٹ اور منافقت سے کوسوں دور تھے اور دولت پرستی ان کے اندر بالکل بھی نہ تھی ۔صاحبزادہ سلطان احمد علی نے بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپﷺ ۖ کو ہدایت کا ملہ اور سچائی پر مبنی دین دے کر بھیجا۔

مسلمان اس دین حق پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں غالب آگئے ۔ آ پ ﷺۖکی اس دنیا میں تشریف آوری سے جاہلانہ رسومات 'کفر و شرک 'ظلم و نا انصافی اور قتل و غارت گری کا خاتمہ ہوا۔ پروفیسر ہمایوں احسان نے کہا کہ نبی کریمﷺ ۖنے علم حاصل کرنے کی ترغیب دی، اس کی پیروی میں ہمیں جدید علوم حاصل کرنا چاہئیں۔ آپﷺ ۖ اپنے اُن صحابہ سے بہت خوش ہوتے تھے جو علم سے محبت کرتے تھے۔

آپﷺ کے کردارو عمل نے عرب معاشرہ کو متاثر کیا ۔مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ آپﷺ ۖ کا اسوۂ حسنہ اسوۂ کامل ہے۔ اللہ تعالیٰ رب العالمین اور آپﷺ ۖ رحمت اللعالمین ہیں ۔جب ہم حضور نبی اکرمﷺ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کرتے ہیں تو یہ چیز واضح نظر آتی ہے کہ آپﷺ نے اخلاق حسنہ کے ہزارہا گوشوں کی تعلیم دی،ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے کہا ماہ ربیع الاول نبی کریمﷺ کے ذکر مبارک کا موسم بہار ہے 'اس ماہ مبارکہ میں بار بار آپ کی حیات طیبہ کا ذکر سننے کو ملتا ہے اور عجیب روحانی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔

رانا محمد ارشد نے کہاآپﷺ ۖکی آمد سے دنیا ضلالت وگمراہی کے اندھیروں سے نکل آئی ۔آپﷺ سردار الانبیاء اور وجہ ٔ تخلیق کائنات ہیں ۔ آپﷺ ۖکا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منانا چاہیے ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔خالدہ جمیل نے کہا حضرت محمدۖﷺ کی انقلاب آفریں تعلیمات نے انسانی زندگی پر انتہائی دورس اثرات مرتب کیے۔ سیمینار میں ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں، بیگم صفیہ اسحاق، مجاہد حسین سید، اساتذہ کرام ، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ آخر میں نبی کریمﷺ کے حضور درودوسلام کا نذرانہ پیش کیا گیا جبکہ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے دعا کرائی۔