پولیو جیسے مہلک مرض کے خاتمے کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:20

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) ضلع اوستہ محمد میں جاری انسداد پولیو مہم کے چوتھے اور آخری روز کے اختتام پر ایک اہم ایوننگ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد، جناب رزاق خان خجک نے کی۔ اجلاس میں پولیو مہم کی روزانہ کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میٹنگ میں ضلعی سطح کے افسران، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے، مانیٹرنگ ٹیمیں، یونین کونسل میڈیکل آفیسرز (UC MOs) اور دیگر متعلقہ حکام نے بھرپور شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے مہلک مرض کے خاتمے کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مہم کے دوران فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ رہ جانے والے بچوں تک پہنچنے کے لیے مزید کوششیں تیز کی جائیں۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے عالمی سطح پر پولیو کی صورتحال اور پاکستان میں جاری کوششوں پر مختصر بریفنگ دی اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔آخر میں ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ہدایت کی کہ مہم کے بعد ایک تفصیلی رپورٹ تیار کر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ارسال کی جائے تاکہ آئندہ کی منصوبہ بندی مزید مؤثر انداز میں کی جا سکے۔