محنت کش طبقہ کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات برق رفتاری و جانفشانی سے جاری ہیں،ملک فیصل ایوب کھوکھر

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ کو اپنے پاوں پر مستحکم طورپر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کا سلسلہ ترجیحی بنیادوں پر برق رفتاری اور جانفشانی سے جاری ہیں۔ راشن کارڈ کی تقسیم جس تیزی سے جاری ہے آئندہ چند ماہ میں اس کی تقسیم کا عمل صوبہ بھر میں مکمل کر لیا جائے گا۔

لاپور میں 10ہزار سے زائد کم آمدنی والے گھرانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپے سبسڈی دینے کیلئے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز آئندہ چند روز میں کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب سوشل سکیورٹی آفس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر مجتبیٰ بھجوانہ اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں اور نئے پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر لیبر نے بتایا کہ رجسٹرڈ ورکرز میں اب تک دو لاکھ چونتیس ہزار راشن کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔جو قابلِ تحسین رفتار ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں کم آمدنی والے 10 ہزار خاندانوں کے لیے ماہانہ 30 ہزار روپے سبسڈی پر مبنی پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے تاکہ ان کی معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ مزدوروں کے لیے کمالیہ میں 713 اور جھنگ میں 1365 کوارٹرز پر مشتمل نئی کالونیاں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ان کالونیوں میں اسکول، سوشل سکیورٹی ڈسپنسری، مسجد اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی تاکہ مزدور طبقے کو معیاری رہائش اور بنیادی ضروریات ایک ہی مقام پر دستیاب ہوں۔ورکرز ویلفیئر کے 77 اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر بھی عمل جاری ہے تاکہ توانائی کے اخراجات میں کمی اور ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ ورکرز کے بچوں کو جدید اور معیاری ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات بھی زیر غور ہیں۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس میں کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ان اقدامات سے پنجاب کے مزدور مزید خوشحال اور مستحکم ہوں گے۔ مزدور پاکستان کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔