ایران نے آسٹریلیا کے سفارتی عملے کی سطح کم کر دی، آسٹریلوی سفیر تہران سے روانہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 08:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ایران نے آسٹریلیا کی جانب سے اپنے سفیر کو ملک بدر کیے جانے کے جواب میں تہران میں آسٹریلیا کی سفارتی موجودگی کی سطح میں کمی کر دی ہے۔شنہوا کے مطابق آسٹریلیا کے سفیر ایان میک کانول ایران چھوڑ چکے ہیں۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نےایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اگرچہ ایران کے سفارت خانے کا قونصلر سیکشن کینبرا میں بدستور کام کر رہا ہے، تاہم اس پر کئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور وہ محدود وسائل میں آسٹریلیا میں مقیم ایرانی شہریوں کو خدمات فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی ترجمان نے آسٹریلوی حکومت کی جانب سے ایرانی سفیر احمد صادقی کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کو "غیر منصفانہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو متاثر کرے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے 26 اگست کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ ایران پر آسٹریلیا میں یہودی برادری کے خلاف کم از کم دو مبینہ سامی دشمن حملوں کی ہدایت دینے کا الزام ہے، جس کے بعد ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔

وزیرِ اعظم البانیز نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے پاس قابلِ اعتماد شواہد موجود ہیں کہ اکتوبر 2023 سے سڈنی اور میلبورن میں پیش آنے والے ان حملوں میں ایران ملوث رہا ہے۔دوسری جانب، ایران نے آسٹریلیا کے اس اقدام کی شدید مذمت کی اور اسے اسرائیل کی حمایت یافتہ پالیسی قرار دیا، جس کا مقصد غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم سے توجہ ہٹانا اور خطے میں کشیدگی بڑھانا ہے۔ ایران نے متنبہ کیا تھا کہ وہ جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔