امریکی صدرکا سیمی کنڈکٹرز کی درآمد پر جلد نمایاں ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

جمعہ 5 ستمبر 2025 10:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا جلد سیمی کنڈکٹرز کی درآمد پر خاصا نمایاں ٹیرف عائد کرے گا، یہ اعلان انہوں نے وائٹ ہاؤس میں ٹیکنالوجی صنعت کے رہنماؤں کے ساتھ عشائیے کے دوران کیا۔اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ہم سیمی کنڈکٹرز کی درآمد پر بہت جلد ٹیرف لگانے جا رہے ہیں، یہ اتنا زیادہ نہیں لیکن خاصا نمایاں ہوگا تاہم انہوں نے اس اقدام کے وقت یا تفصیلات نہیں بتائیں۔

گزشتہ ماہ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا ان سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد تک ٹیکس عائد کرے گا جو ان کمپنیوں سے درآمد ہوں گے جو ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتیں۔ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ اگر آپ امریکا میں پیداوار کر رہے ہیں تو کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

امریکا اور چین اس وقت ہائی اینڈ سیمی کنڈکٹرز کی تیاری کی دوڑ میں ہیں جو مصنوعی ذہانت کے نظام کو چلانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

تائیوان انسٹی ٹیوٹ آف اکنامک ریسرچ کی سینئر محقق اریسا لیو کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے بھاری ٹیکس عالمی سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کی حکمتِ عملی کو متاثر کرے گا۔ٹرمپ کا یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب وہ سپریم کورٹ سے ایک تیز رفتار فیصلے کے خواہاں ہیں تاکہ اس عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا جا سکے جس میں ان کے کئی ٹیرفز کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹیل اور ممکنہ طور پر سیمی کنڈکٹرز جیسے شعبہ وار ٹیکسز قانونی طور پر زیادہ مضبوط بنیاد رکھتے ہیں۔