اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرات کیمپ میں خیموں پر حملے میں متعدد بچوں کو قتل کر دیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:10

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرات کیمپ میں خیموں پر حملے میں متعدد بچوں کو قتل کر دیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر حملہ کیا جس کے دوران اس نے غزہ شہر میں خیموں یا عارضی پناہ گاہوں میں مقیم بے گھر فلسطینی خاندانوں کو نشانہ بنا یا۔

تل الہوا کے مضافات میں اسرائیلی ڈرون حملےمیں فلسطینیوں کی عارضی پناہ گاہیں تباہ ہو گئیں۔اس حملے میں غزہ کی رہائشی مہا افانہ کے بیٹے اور بیٹی سمیت کئی بچے مارے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حملے کے بعد میں نے اپنے بیٹے کو پیٹھ کے بل پڑا ہوا پایا ،اس کی ناک اور سر کے پچھلے حصے سے خون بہہ رہا تھا ، میرے بھائی نے اسے مجھ سے لے لیا ۔ پھر میں واپس جا کر اپنی بیٹی نور کو دیکھا تو وہ اپنے سر سے پاؤں تک خون میں لت پت تھی۔

ایک اور خاتون ام نبیل العیش نے بتایا کہ نصیرات میں عارضی پناہ گاہوں پر حملے میں ان کے کئی رشتہ دار مارے گئے۔ام نبیل العیش نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی ہمیں بھوکا مارتے ہیں، ہمیں پانی سے محروم کرتے ہیں، ہمیں بے گھر کرتے ہیں اور ہمارے بچوں کو مارتے ہیں اور یہ سب پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔\932