اللہ تعالی ٰ نے آپ ﷺکو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا،حافظ محمد علی حیدر

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ولادتِ رسولِ کریم ﷺ کائنات کے لیے سب سے بڑی نعمت اور رحمت ہے، اللہ تعالی ٰ نے آپ ﷺکو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا۔ ان خیالات کا اظہار طالب علم رہنما حافظ محمد علی حیدر نےجامع مسجد گلزارِ رسول ﷺ میں میلاد النبی ﷺ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما، طلبا اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں حافظ محمد علی حیدر نے مزید کہا کہ حضور ﷺ نے پیر کے دن روزہ رکھنے کی وجہ اپنی ولادت کو قرار دیا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ ﷺ اپنی ولادت پر شکر بجا لاتے تھے۔ حافظ محمد علی حیدر نے مزید کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہر دور میں انسانیت کے لیے روشنی کا مینار ہے اور میلاد کی محافل ہمیں اسی سیرت پر عمل کرنے کی یاد دہانی کرواتی ہیں۔

(جاری ہے)

میلاد کے اجتماعات سے صلہ رحمی، اخوت اور اتحاد کی فضاء قائم ہوتی ہے جو آج کے حالات میں امتِ مسلمہ کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ عملی طور پر سیرتِ رسول ﷺ کو اپنائیں۔ معاشرتی انصاف، عدل، صبر، رواداری اور بھائی چارے کی وہ تعلیمات جو نبی کریم ﷺ نے عطا فرمائیں، انہیں اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔منعقدہ تقریب کے اختتام پر قاری اللہ داد نے امتِ مسلمہ کی سلامتی، پاکستان کی ترقی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھامیں اور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔