ہرنائی، صوبائی وزیر خوراک کا چھ ستمبر پر قوم کے نام پیغام

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:20

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قومی جوش وجذبوں کی یاد تازہ کرنے اور وطن عزیز کی دفاع کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے ۔6 ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس دن کو ہمیشہ کے لئے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ہمت و بہادری کا ایک تاریخ ساز دن بنا دیا۔

یوم دفاع کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب ہمارے مسلح افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کے مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں اور وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو ہمارے مسلح افواج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا کہ وطن کے دفاع کے لئے عددی اکثریت کی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، جذبہ قربانی اورجب الوطنی کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ۔صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ بھارت اپنی ریاستی ظلم و جبر سے کشمیریوں کی جزبہ حریت کو نہ پہلے دبا سکا ہے اور نہ آئندہ دبا سکے گا، مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم وطن کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے ان شہیدوں اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، استحکام اور اس کی سرحدوں کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔\378