کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن میں عید میلادالنبیؐ مذہبی جوش و خروش اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ڈویژن کے امن و امان اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سٹی پولیس آفیسر بلال عمر، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، ڈویژنل اور ضلعی امن کمیٹیوں کے ممبران شریک ہوئے۔ جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈویژن بھر میں عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں اور اجتماعات کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق عید میلادالنبیؐ کو پرامن اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ؐکی ولادت با سعادت خوشی اور رحمت کا دن ہے ،اس موقع پر امن، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کو یقینی بنانا ہوگا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام روٹس پر کلینک آن ویلز اور ریسکیو کی سہولیات مہیا کی جائیں، شہریوں کے لئے ٹریفک پلان کے بارے میں پیشگی آگاہی دی جائے جبکہ بارش کی صورت میں نکاسی آب اور دیگر انتظامات کے لئے مشینری تیار رکھی جائے۔

مزید برآں ڈویژن بھر میں تمام جلوسوں کے راستوں پر سیف سٹی کیمروں کو مکمل فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ امن کے داعی ہیں اور اس موقع پر سب کو فروعی اختلافات کو بھلا کر محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا ہوگا۔اجلاس میں مکاتب فکر کے علماء کرام نے بھی عید میلادالنبیؐ کے پرامن انعقاد کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔