سپریم کورٹ رولز 2025 کے جائزے کیلئے فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو طلب

جمعہ 5 ستمبر 2025 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)سپریم کورٹ رولز 2025 کے جائزے کے لیے سپریم کورٹ کا انتظامی سائیڈ پر فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو طلب کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس دن ایک بجے ہوگا، کسی جج نے تاحال رولز میں ترامیم کے لیے تجاویز جمع نہیں کروائیں۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس 8 ستمبر کو دن ایک بجے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس صرف یک نکاتی ایجنڈا پر مشتمل ہوگا،اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم کا جائزہ لیا جائے گا، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تحریری تجاویز سپریم کورٹ کو بجھوائی ہیں، تجاویز میں عدالتی فیسوں میں اضافے کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا تاہم کسی جج نے تاحال رولز میں ترامیم کے لیے تجاویز جمع نہیں کروائیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ رولز 2025 سرکولیشن کے ذریعے اکثریتی رائے کی بنیاد پر منظور کرائے گئے تھے جبکہ اختلاف کرنے والے ججز کی رائے تھی فل کورٹ اجلاس سے رولز کی منظوری کرائی جائے تاہم 15 دن گزرنے کے باوجود اختلاف کرنے والے ججز نے کوئی تجاویز نہیں دیں۔فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ بار کی تجاویز پر غور ہوگا، انتظامی فل کورٹ سے قبل سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کی تقریب کا اہتمام ہوگا، نئے عدالتی سال پر سپریم کورٹ میں قائم کیے گئے سہولت مرکز کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔