Live Updates

تحریک اہلِ سنت پاکستان کی فلاحی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں سرگرم

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)تحریک اہلِ سنت پاکستان، شعبہ فلاح عامہ کے خدمت گزاروں کی ٹیمیں صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول حیدر رضوی (سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان) کی زیرِ سرپرستی، مضافاتی دریائی علاقوں میں سیلاب متاثرین کی امداد میں دن رات مصروفِ عمل ہیں۔فلاحی ٹیمیں ان علاقوں میں پہنچ رہی ہیں جہاں سیلاب کی تباہ کاریوں نے مقامی آبادی کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔

متاثرہ خاندانوں میں تیار شدہ کھانا،راشن پیکج،ضروریاتِ زندگی کا دیگر سامان باقاعدگی سے تقسیم کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول حیدر رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خدمتِ خلق سنتِ نبوی ﷺ ہے۔ سیلاب زدگان کی مدد کرنا صرف سماجی نہیں بلکہ دینی فریضہ ہے، جسے ہم اخلاص، ایثار اور محبت کے جذبے سے ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان بھوکا نہ سوئے، اور اہلِ سنت کا ہر فرد مظلوم و متاثر عوام کے ساتھ کھڑا نظر آئے۔

امداد کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔فلاحی ٹیموں کے مطابق اگلے مرحلے میں بچوں کے لیے دودھ و خوراک،خواتین کے لیے ضروریات،طبی امداد کے کیمپس کا آغاز بھی متوقع ہے۔تحریک اہلِ سنت پاکستان نے اہل خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور فلاحی مہم میں رضاکارانہ، مالی اور اجناس کی شکل میں بھرپور تعاون کریں، تاکہ متاثرین کو زیادہ مؤثر اور جلدی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔خدمتِ خلق ہمارا دینی فریضہ ہے
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات