سیرت النبی ﷺ کا پیغام ہر دور کے لیے مشعلِ راہ ہے،شیر محمدنورانی

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) مرکزی جماعت اہلِ سنت کراچی کے زیر اہتمام جامع مسجد قبا (متصل کے ایم سی اسٹور، نشتر روڈ، رنچھوڑ لائن) میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں پرچم کشائی کی ایک روح پرور اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہر بھر سے عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جماعت اہلِ سنت کراچی کے رہنما شیر محمد نورانی نے کہا کہ پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی ﷺ دراصل اتحادِ امت اور محبتِ رسول ﷺ کا پیغام عام کرنے کا ذریعہ ہے۔

یہ جشن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کرائیں اور ان کے دلوں میں نبی کریم ﷺ کی محبت، ادب اور اطاعت پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا پیغام ہر دور کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آج کے پُرآشوب دور میں اس پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم معاشرے میں عدل، امن اور بھائی چارے کو فروغ دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین اے این آئی، سلیم حسین نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہاکہ پرچم کشائی کی یہ خوبصورت روایت ہماری دینی، ثقافتی اور روحانی شناخت کا حصہ ہے۔ یہ نہ صرف عشقِ رسول ﷺ کا اظہار ہے بلکہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہماری اصل ذمہ داری ہے۔تقریب میں سلیم حسین نے پرچم کشائی کی سعادت حاصل کی اور بعد ازاں خصوصی دعا بھی کرائی، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور معاشرے میں خیر و برکت کے لیے دعائیں کی گئیں۔

تقریب میں ممتاز دینی، سماجی اور تنظیمی شخصیات شریک ہوئیں، جن میں سینئر جے یوپی رہنما حاجی عبدالرحیم نورانی،عبد الوحید یونس،سید شرافت حسین،علامہ فدا احمد نعیمی،فدا احمد سومرو،محمد اخلاق،مولانا اکبر،مولانا قاری خلیل احمد سکندری،قاری انور شیخ،فیضان نورانی،بلال نورانی،عرفان آرائیں سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ شامل تھے۔تقریب کا اختتام انتہائی روح پرور انداز میں درود و سلام اور اجتماعی دعا پر ہوا، جس میں امت مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔