انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا د کی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ممبران صوبائی اسمبلی سے ملاقات

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخواذوالفقار حمید نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے چار ممبران صوبائی اسمبلی سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ۔ تر جمان کے مطابق وفد کے ارکان میں ایم پی اے پشاور گرپال سنگھ، ایم پی اے پشاور عسکر پرویز ، ایم پی اے سریش کمار مردان اور ایم پی اے سوات بہاری لال شامل تھے۔

آئی جی پی نے کہا کہ اقلیتی برادری نے ہر مشکل گھڑی میں ملکی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور یقین دلایا کہ انہیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرنے کے لیے سازگار اور پُر امن ماحول فراہم کیا جائیگا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ اقلیتی برادری سب سے پُرامن اور محب وطن ہے اور ان کی جان و مال، کاروبار عبادت گاہوں اور رہائشی جگہوں کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے وفد کے ارکان سے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ حکام کو صوبہ بھر کی اقلیتی برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں اور ان کی فول پروف حفاظت کے لیے طے شدہ میکنیزم پر مزید موثر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ملاقات کے دوران صوبائی اراکین نے تمام شہریوں کے تحفظ کے لئے خیبرپختونخوا پولیس کی کوششوں کو سراہا اور ملک سے اپنی غیر متزلزل وفاداری اور دہشت گردی سمیت ہر قسم کے خطرات سے مادر وطن کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اس موقعہ پر ڈی آئی جی سیکیورٹی قاسم علی خان بھی موجود تھے۔