6 ستمبر یوم دفاع کا دن قربانی، جرأت اور یکجہتی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو قربانی، جرأت اور یکجہتی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہم سب متحد ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہماری آزادی کی ضمانت ہیں، یہ قربانیاں صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ خواتین نے بھی ہر دور میں دفاعِ وطن میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ میدانِ جنگ میں نرسز کی خدمات ہوں یا گھروں میں صبر و حوصلے کے ساتھ نوجوانوں کو تیار کرنا، خواتین کی جدوجہد ہماری قومی تاریخ کا روشن حصہ ہے ، مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قربانیاں اور قیادت آج بھی ہماری رہنمائی کرتی ہیں ،اسی طرح مختلف مواقع پر خواتین شہداء نے بھی وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر کے مثال قائم کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو مشعلِ راہ بنا کر نئی نسل کو حب الوطنی، اتحاد اور قربانی کا درس دینا ہوگا تاکہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کر سکے ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے۔