جماعت اسلامی سندھ کی سید زین شاہ اور کارکنان پر ایف آئی آر درج کرنے کی مذمت

پرامن اور آئینی جدوجہد کرنے والوں پر جھوٹے مقدمات حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں، کاشف سعید شیخ

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)جماعت اسلامی سندھ نے ایس یو پی کے سربراہ اور دریائ بچاؤ تحریک کے صدر سید زین شاہ سمیت کارکنان پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت یہاں بھی بلوچستان جیسے حالات پیدا کرنے کے بجائے فوری طور پر مقدمہ واپس لے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ پرامن اور آئینی طریقے سے حکومتی ظلم اور ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے۔

جھوٹی ایف آئی آر سندھ حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مخالفین پر بکری اور مرغی چوری کے مقدمات سنے تھے، لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے سید زین شاہ اور جتوئی برادران پر من گھڑت مقدمات درج کر کے آمریت کے دور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مخالفین پر جھوٹے مقدمات درج کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف آئی جی سندھ پولیس نوٹس لے اور سخت کارروائی کرے۔